علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی: شیخ انوارالحق
لاہور (پ ر) سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان شیخ انوارالحق نے کہا ہے کہ حکیم الامت، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اس خطے کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کیلئے الگ وطن کا تصور پیش کیا۔ برصغیر کے مسلمانوں کو علامہ اقبال اور قائداعظم کی قیادت میسر نہ ہوتی تو پاکستان کبھی نہ بنتا۔مفکر پاکستان نے منتشر قوم کو خودی کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کیلئے تحریک آزادی جیسے جذبے کی ضرورت ہے۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں، پوری قوم عہد کرے کہ وہ وطن عزیز کو ایسا ملک بنائیں گے جیسا ہمارے قومی ہیروز اسے بنانا اور دیکھنا چاہتے تھے۔