زرعی اراضی کے تحفظ کیلئے کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیرکی حوصلہ افزائی کی جائیگی:ایس ایم عمران
لاہور (خصوصی نامہ نگار)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت زرعی اراضی کے تحفظ کے لئے شہرمیں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کی جائے گی‘اس مقصد کے لئے تعمیراتی قواعد میں ترمیم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ایس او پیزاور منظوری دینے کے عمل کو بھی آسان بنایاجائے گا ۔گوادر کے بلڈرز کو لاہور میں خوش آمدید کہاجائے گا اور لاہور میں کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کے لئے انہیں تمام ممکن سہولتیں مہیا کی جائیں گی ۔ وہ گزشتہ روز ایل ڈی اے آفس جوہر ٹائون میں آنے والے گوادر بلڈرز اینڈ ڈویلپرز ایسوسی ایشن کے10رکنی وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔ وفد کو لاہور میں کثیر المنزلہ رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی تعمیر کے لئے مختص پلاٹوں‘تعمیراتی قواعد بالخصوص عمارتوں کی بلندی‘مختلف محکموں کی طرف سے این او سی کے اجراء اور ان پلاٹوں کی بذریعہ نیلام عام فروخت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر چیف ٹائون پلانر سید ندیم اختر زیدی‘ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ طارق محمود‘چیف میٹروپولیٹن پلانر اظہر علی اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون خرم یعقوب بھی موجود تھے۔