پاکستان تحریک انصاف کا آج مینگورہ میں جلسہ ، تمام تیاریاں مکمل ، خواتین کیلئے الگ جگہ مختص کی گئی ہے
کپتان اپنی ہوم گراؤنڈ میں جارحانہ اننگز کیلئے تیار، مینگورہ کے گراسی گراؤنڈ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، جلسہ گاہ میں کپتان کیلئے بڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے جس پر عمران خان کے بڑے بڑے پوسٹر آویزاں کئے گئے ہیں۔
جلسہ گاہ کی طرف آنے والے تمام راستوں کو تحریک انصاف کے جھنڈوں اور کپتان کے بڑے بڑے پوسٹرز اور بینرز سے سجایا گیا ہے۔ پنڈال میں پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے سے زیادہ پچیس ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
جلسہ گاہ میں کپتان کے سٹیج کے سامنے خواتین کیلئے الگ جگہ مختص کی گئی ہے جسے تین اطرف سے خار دار تاریں لگا کر بند کیا گیا ہے۔ کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچنے کیلئے تحریک انصاف کی ڈنڈا بردار فورس بھی ایکشن میں نظر آئے گی۔
لمبی چھٹی کے بعد ایک بار پھر ڈی جے بٹ تحریک انصاف کے جلسے کی شان بڑھاتے نظر آئیں گے۔ کپتان کی تقریر کے دوران ترانوں کا چناؤ کرنے والے ڈی جے بٹ کارکنوں کا جوش بڑھائیں گے۔ جلسے کی سیکیورٹی کیلئے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہزاروں پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔