ہم سب پاکستانی ہیں، ایک ہیں اور متحد ہیں
متحدہ عرب امارات میں مقیم ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی فلاحی تنظیم ’’ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم یو اے ای‘‘ کا تیسرا سالانہ اجلاس گزشتہ دنوں پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں ہوا جس میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے کمرشل قونصلر ڈاکٹر ناصر خاں تھے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت راجہ ابوبکر آفندی نے حاصل کی جبکہ حمد و نعت بھی انہی نے ادا کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض وقار جانی نے بطریق احسن ادا کئے۔ تقریب میں پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین آف سدووال بھی بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔ مہمانان گرامی کی آمد پر راجہ ابوبکر آفندی اور ان کے ساتھیوں بنارس تنولی، یاسر تنولی و دیگر نے روایتی ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ فورم کی اس تیسری تقریب کے موقع پر علاقائی رقص پیش کیا گیا۔ قومی و ملی نغمے گائے گئے اور بھنگڑے ڈالے گئے جسے حاضرین مجلس نے بے حد پسند کیا۔
اس موقع پر کمرشل قونصلر ڈاکٹر ناصر خان و دیگر نے تقاریر بھی کیں اور کہا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں لہٰذا ہمیں اتحاد کے ساتھ قومی ملکی و ملی مفاد کے لئے ایک پلیٹ فارم پر ایک مقصد کے لئے جمع ہونا چاہئے۔ ’’ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم‘‘ کے عہدیداران نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران فورم بہت مضبوط ہوا ہے اور اس کی ممبر شپ میں اضافہ ہوا ہے۔ اب بھی ممبر شپ کھلی ہے لہٰذا جو بھی فورم کا ممبر بننا چاہے وہ ممبر بن سکتا ہے۔ فورم رضا کارانہ طور پر اوورسیز پاکستانیز کی مدد کرتا ہے جبکہ اس کی خدمات کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے ہمیں آپ کا تعاون درکار ہے۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کی مسجد میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی اور تقریب میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔ تقریب میں طارق اعوان، اظہر اقبال، غلام صدیق اعوان، راجہ کامران، ارشد محمود، محمد شمریز، شیراز تنولی، عرفان تنولی، شوکت تنونی، اظہر سواتی، امتیاز احمد، صداقت حسین شاہ اور دیگر بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭٭