جمہوری قوتوں کا اتحا د وقت کی اہم ضرورت ہے ، علی اکبر گجر
کراچی( نیوزرپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی تنظیم نو کے لئے بنائی گئی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن علی اکبر گجرنے مسلط وزیر اعظم عمران خان کے میاں نواز شریف کے علاج کے بارے میں تضحیک آمیز بیانات کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے ووٹوں کی اکثریت سے تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیر اعظم کی بیماری اور علاج کو بھونڈی سیاست چمکانے کے لئے استعمال کرنے پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کروڑوں کارکن سخت غصے میں ہیں۔ قائد نواز شریف لولی لنغری حکومت سے علاج کی بھیک نہیں مانگیں گے۔ علاج اور بنیادی انسانی حقوق ہمارے قائد کا حق ہے جس سے انکار کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سابق ڈویژنل صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ جمہوری قوتوں نے اتحاد میں تاخیر کی تو جمہو ری نظام کسی لمحے زمین بوس ہوسکتا ہے۔عوام تین مرتبہ منتخب وزیر اعظم کے علاج پر بدترین انتقامی سیاست کرنے والے عمران خان کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔پاکستانی قوم پر تاریخ کے بدترین حکمران مسلط کردئے گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) حزب اختلاف کی جمعتوں کو احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنانے کے حکومتی اقدامات کو پاکستان کے جمہوری نظام پر خودکش حملہ تصور کرتی ہے ہم جمہوری نظام کے خاتمے کا سبب بننے کی حکومتی کاروائیوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔