وانا: خودکش حملہ‘ طالبان کمانڈر 2 ساتھیوں سمیت جاں بحق ‘ پشاور میں پولیس چوکی پر حملہ پسپا
وانا + سوات + پشاور (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں خودکش حملے میں مقامی طالبان کمانڈر مولوی عباس 2 ساتھیوں سمیت جاںبحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔ سوات میں جھڑپ کے دوران 3 شدت پسند مارے گئے۔ پشاور میں عسکریت پسندوں کا تھانے اور پولیس چوکی پر حملہ پسپا کر دیا گیا۔ خودکش حملہ وانا کے رستم بازار میں مقامی طالبان کمانڈر مولوی عباس وزیر کے دفتر میں کیا گیا۔ دھماکے سے متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولوی عباس حکومت مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ دھماکے کا نشانہ منڈی میں واقع مولوی عباس کے بھائی جلیل کا دفتر بنا۔ دھماکے کے وقت مولوی عباس اس دفتر میں اپنے ساتھیوں سمیت موجود تھے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ کمانڈر مولوی عباس غیر ملکی شدت پسندوں سے تعلق کے لئے جانے جاتے تھے۔ وہ 2007ءمیں جنوبی وزیرستان کے اہم طالبان کمانڈر ملا نذیر کی ازبک شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران علاقہ چھوڑ کر شمالی وزیرستان چلے گئے تھے۔ چند ماہ قبل ہی وہ ملا نذیر کی جانب سے اجازت ملنے پر علاقے میں واپس آئے تھے۔ سوات کے علاقے مالم جبہ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 3 مزاحمت کار جاںبحق ہو گئے، جھڑپ میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوا۔ ادھر پشاور میں عسکریت پسندوں نے ریاض شہید پولیس چوکی پر حملہ کر دیا جس پر مزید نفری طلب کر لی گئی۔ عسکریت پسندوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا، حملہ آور اپنی دو گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہو گئے، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، دہشت گردوں کی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لئے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے گاڑیوں کو کلیئر کر دیا۔ چوکی پر 50 شدت پسندوں نے حملہ کیا۔ علاوہ ازیں وانا سے 20 کلومیٹر مغرب کی جانب قضہ پنگہ میں ایک پاکستانی جاسوس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ ڈرون فنی خرابی کی وجہ سے گرا تاہم غیر آباد علاقے میں گرنے کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔