غازیوں اور شہدا ء کی بیوائوں کی پنشن میں اضافہ کیا جائے،پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کی نیشنل کونسل کا62واں اجلاس راولپنڈی میں منعقد ہوا، صدارت سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقیوم ملک نے کی جبکہ سوسائٹی کے پیٹرن ان چیف جنرل(ر) فیض علی چشتی مہمان خصوصی تھے، سینئر نائب صدر وائس ایڈمرل عبدالعلیم خان نے نیوی، ائیر مارشل پرویز نواز نے ائیر فورس اور لیفٹیننٹ جنرل کمال اکبر نے آرمی کی نمائندگی کی، اجلاس میں پاکستان کے سارے صوبوں کے علادہ آزاد کشمیر کی نمائندگی کیلئے بھی نیشنل کونسل کے تمام ارکان اور صدور حاضر تھے۔ انہوں نے ایکس سروس مینوں کی مالی،تعلیمی، طبی اور سماجی مشکلات کا ذکر کیا،اس سے قبل پچھلی کانفرنس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ 1980کی دہائی سے پہلے فوج سے سبکدوش ہونے والے ان غازیوں اور شہدا کی بیوائوں کی پنشن جنہوں نے 1965اور 1971کی پاک و ہند جنگوں میں میں حصہ لیا۔ انکی پینشن بہت کم ہیں جن کو اس بجٹ میں بڑھانا ضروری ہے اس کیلئے یہ تعین کیا جائے کہ 1965سے پہلے کے سابقہ فوجیوں کی تنخواہوں میں 25فیصد نوے کی دہائی میں سبکدوش ہونے والوں کی تنخواہوں میں 15فیصد اور 2000کے بعد سبکدوش ہونے والوں کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ ہو۔ سندھ میں کیڈٹ کالجز کی اشد ضرورت ہے جبکہ بلوچستان میں 12کیڈٹ کالجز موجود ہیں۔ فوجی فائونڈیشن کے مزید ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی سندھ،بلوچستان اور کشمیر کے دور دراز علاقوں میں ضرورت ہے۔ آرمڈ سروسز سولجرز بورڈ کے مزید دفاتر سندھ اور بلوچستان میں کھولے جائیں۔1552سابقہ فوجیوں کی CPEC کی یکدم سیکورٹی ڈیوٹیز سبکدوشی پر حکومت دوبارہ غور کرے اور ان کو بحال کیا جائے۔