نوجوان ملک کی اصل تقدیر‘ بااختیار بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے: حمزہ شہباز
لاہور (پ ر) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما وممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مربوط پالیسی کے ساتھ یوتھ کو بااختیاربنانا وقت کا اہم تقاضا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ینگ انٹیریرینیورز کے طور پر کام کرنے والے نوجوانوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے ایک ہفتے میں اس ضمن میں کمیٹی کے قیام‘ ٹھوس تجاویز اور سفارشات کی ہدایت کی تاکہ ابتدائی طور پر پنجاب کی سطح پر پیش رفت ہوسکے۔ حمزہ شہباز نے خود بزنس کرنے والے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی اس ملک کی اصل تقدیر ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے دیرپا پالیسیاں بنانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت سرخ فیتے کے نظام کے ساتھ نہیں چل سکتی، وقت بدل چکا ہے۔ کارپوریٹ سٹرکچر کو آگے لانا ہوگا اور ترقی کے ماڈل سنگاپور اور ملائیشیا کو سامنے رکھتے ہوئے ملک کی یوتھ کو نئے ویژن کے ساتھ آگے آنا ہوگا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ نوجوان سرکاری نوکریوں کی بجائے خود دوسروں کو روزگار فراہم کرنے کے قابل بن جائیں اور اپنے تخلیقی آئیڈیاز کے ساتھ اپنی خود روزگار سکیمیں تشکیل دیں۔ حمزہ شہباز نے نوجوان سے کہا کہ وہ زندگی کو حقائق پر پرکھیں اور وقتی فائدے کیلئے دیرپا نیکیاں نہ گنوائیں، کسی کو اچھا ڈاکٹر، وکیل یا پروفیشنل بننے سے پہلے خود کو اچھا انسان بنانا چاہیے۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ اب کسی کی نہیں اس ملک کی ترقی وخوشحالی کی باری آنی چاہیے اور 2013ء کے پاکستان کا آج 2018ء سے موازنہ کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ سے لے کر دہشت گردی تک کے مسائل پر قابو پانے کااعتراف کرنا چاہیے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک بھر میں ترقی وخوشحالی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے اور یوتھ کو بھرپور اعتماد کے ساتھ اس میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔