زرداری اور انکی بہن خود ہی پیپلزپارٹی کے دشمن ہیں: غنویٰ بھٹو
لاہور(آئی این پی) پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور انکی بہن خود ہی پیپلزپارٹی کے دشمن ہیں ان کو کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں ہے۔ عوامی پیپلزپارٹی کے دوبارہ اقتدار میں آنے کی افواہیں سن کر کانوں کو ہاتھ لگانا شروع کردیتے ہیں، پارٹی کارکنوں سے ٹیلی فونک گفتگو میں غنویٰ بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا پانچ سالہ دور حکومت ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دور رہا جس میں لوٹ مار اور بحرانوں کے ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں اور پاکستانی عوام کو ترقی اور خوشحالی کی بجائے خودکشیاں، خودکش دھماکے ڈرون حملے اور فاقے ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی پارٹی کبھی عوام کی خیرخواہ تھی اور نہ ہی آئندہ ہو سکتی ہے، ملک میں پہلے کبھی بھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے اور اب صرف باتیں ہو رہی ہیں مجھے کہیں بھی شفاف انتخابات نظر نہیں آتے۔