ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا، احتجاجی سیاست کا کوئی جواز نہیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ موجودہ حالات میں احتجاجی سیاست کا کوئی جواز نہیں یہ وقت قوم کو یکجا کرنے کا ہے ۔ وزیر اعلٰی نے اپنے بیان میں کہا کہ وطن کی مٹی ہم سے اتحاد اور یگانگت کا مطالبہ کر رہی ہے اورپاک دھرتی کے اس قرض کو اتارنے کے لئے سب کو ایک ہونا پڑے گا۔ سیاسی قوتوں پر بھی اس قرض کی ادائیگی کی بھاری ذمہ داری ہے -جوش نہیں بلکہ ہوش کی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے۔ افراتفری کی سیاست سے آگے نہیں جا سکتا۔ ملک کی خوشحالی کیلئے منفی سیاست سے قطع تعلق کرنا ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بناکر بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ پاکستان کی بہادرمسلح افواج نے بھارت کے متعدد فوجیوں کو جہنم واصل کر کے دشمن کے دانٹ کھٹے کیے ہیں۔بھارت جان لے کہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ مزید برآںوزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر اوکاڑہ میں تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں کا ہسپتال میں طبی معائنہ کرایا گیا۔ ڈاکٹروں نے بچوں کو مکمل تندرست اورصحت مند قراردیا۔ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق بچوں کو سکول میں داخل کرایا جائے گا۔