کراچی میں مزید 3 افراد قتل، مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک
کراچی(آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ)کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس مقابلے کے دوران 4 ڈاکو ہلاک جبکہ فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3 افراد جاںبحق ہوگئے جبکہ گذشتہ روز زخمی ہونے والا ایک شخص دوران علاج چل بسا۔ مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹیڈ آپریشن کر کے متعدد افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ بر آمد کر لیا۔ ڈسکو بیکری کے قریب واقع علی مدثر نامی شخص کے بنگلہ نمبر ڈی ون میں ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے گھسے تو پولیس آ گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کالا پل کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی،کورنگی کے علاقے زمان ٹاون میں موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے عقیل نامی شخص جاں بحق ہوا اورنگی ٹاون کے علاقے گلشن بہار میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا 40 سالہ عرفان دوران علاج ہسپتال میں چل بسا جبکہ شارع فیصل پر سوسائٹی آفس کے قریب سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی ہے۔ علاوہ ازیں کراچی چیمبر میں تاجروں اور صنعتکاروں کے اجلاس میں تاجروں نے 3 نومبر کو گورنر اور وزیراعلی ہاﺅس کے باہر دھرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آج شہر میں سیاہ پرچم آویزاں کئے جائیں گے دھرنا دینے کا فیصلہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، تاجروں کے اغوا اور امن وامان کی خواب صورتحال کے باعث کیا گیا۔