جویریہ کی ناقابل شکست سنچری، پاکستان ویمن کی سری لنکا کیخلاف شاندار جیت
دمبولا( اے پی پی )جویریہ خان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا ویمن کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 69 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، سری لنکن ٹیم 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 181 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، بسمعہ معروف نے 3 اور ثناء میر نے 2 وکٹیں لیں، جویریہ خان نے 113 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے، جویریہ خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 113 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں، ندا ڈار 34، ثناء میر 27، کپتان بسمعہ معروف 19، ناہیدہ خان 13، منیبہ علی اور سدرہ امین بغیر کوئی رنز بنائے آئوٹ ہوئیں، جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم 46ویں اوور کی دوسری گیند پر 181 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔