محکمہ ایکسائز نے کنٹونٹمنٹ بورڈ کے پراپرٹی ٹیکس کی تفصیلات مانگ لیں
کراچی(وقائع نگار) محکمہ ایکسائز سندھ نے مختلف کنٹونمنٹ بورڈ سے ان کے علاقوں میں جمع کئے گئے پراپرٹی ٹیکس کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔محکمہ ایکسائز کے اعلیٰ حکام کے مطابق کراچی کے مختلف کنٹونمنٹ بورڈ اپنے علاقوں میں پراپرٹی ٹیکس وصول کررہے ہیں اور قانون کے مطابق ایک طے شدہ حصہ صوبائی حکومت کے خزانے میں جمع کرانا ہوتا ہے لیکن کنٹونمنٹ بورڈ اس حوالے سے ڈیٹا شیئر نہیں کرتے جس کی وجہ سے صوبائی حکومت کو اس کا قانونی شیئر وصول نہیں ہوہا۔ لہٰذا ڈیٹا مانگا گیا ہے اور سکھر شہر کے پراپرٹی سروے کے بعد کراچی شہر کے 17 سال بعد نئے پراپرٹی سروے کی تیاری کی جارہی ہے جس میں کنٹونمنٹ بورڈ کا بھی اہم کردار ہوگا۔ شہر کے تمام یونٹس کا جامع سروے ہونا ہے۔ اس سلسلے میں ورلڈ بنک اورایشیئن ڈویلپمنٹ بنک بھی اپنی پیشکش کرچکے ہیں۔ صوبائی حکومت کا محتاط اندازہ ہے کہ اگر درست طریقے سے نیا پراپرٹی سروے کرالیا جائے تو صرف کراچی شہرسے حاصل ہونے والا ڈیڑھ ارب روپے کا ریونیو بڑھ کر7 ارب روپے سے تجاوز کرسکتا ہے۔