ویمن گارمنٹس زون کا اعلان‘ خواتین کو عملی میدان میں مزید آگے آنا ہو گا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سارک کے ممبر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لئے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سا تھ سارک چیمبر آف ویمن انٹر پینورکونسل کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کی 50فیصد سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ میری خواتین سے اپیل ہے کہ وہ عملی میدان میں آئیں اور قومی تعمیر میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔ اگر ملک نے ترقی کرنی ہے تو خواتین کو عملی میدان میں ا پنا بھرپورکردار ادا کرنا ہوگا اور مزید آگے آنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں سائوتھ ایشیا ویمن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں جنوبی ایشیا کے 7ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستانی خواتین انتہائی باصلاحیت ہیں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہیں، سیاست ہو یا میدان صحت ، تعلیم ہویا کھیل کے میدان، خواتین نے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوایا ہے لیکن ابھی بھی خواتین کو عملی میدان میں مزید آگے آنا ہوگا۔ پنجاب ایجوکیشنل ا نڈوومنٹ فنڈ، لیپ ٹاپ سکیم اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے پروگرامز سے خواتین بھی پوری طرح مستفید ہورہی ہیں بلکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے سمال بزنس لون پروگرام میں خواتین کا حصہ 50فیصد رکھا گیا ہے جو کہ 50ارب روپے بنتا ہے۔ خواتین کو با اختیار بنانے کا مقصد انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات کے باعث ترقی اور خوشحالی کا جوسفر شروع ہوا ہے وہ اب مزید آگے جائے گا اور میں سمجھتا ہوں کہ انتہا پسندی، دہشت گردی اور عدم برداشت کے رویوں کو ختم کئے بغیر ترقی کے ا ہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ اگر ہم نے اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرناہے تو معاشرے سے عدم برداشت اور انتہا پسندی کے رحجانات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ حکومت نیک نیتی کے ساتھ درست سمت کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے لیکن ابھی لمبا سفر باقی ہے اور اس سفر میں خواتین کو آگے آنا ہو گا- ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد شادی کر کے خواتین کو گھروں میں نہیں بیٹھنا چاہئے- انہوں نے کہا کہ خواتین ہر میدان میں آگے آئیں، پنجاب حکومت مکمل سپورٹ فراہم کرے گی- انہوں نے بزنس ویمن کے لئے گارمنٹس زون میں ویمن گارمنٹس زون بنانے کا ا علان کرتے ہوئے کہاکہ خواتین مردوںکے شانہ بشانہ چلیں گی تو ترقی کا سفر جلد طے ہوگا اور پنجاب حکومت خواتین پر ان کی آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل ان کے قدموں میں نچھاور کرے گی- ا نہوںنے کہاکہ تقریروں کا وقت گزر چکا ہے اب عملی ا قدامات کا وقت ہے- سارک چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار ملک نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو شیلڈ پیش کی- علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں پنجاب میں تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور تعلیمی نظام میں انقلابی اصلاحات کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت پنجاب میں امتحانی نظام کو مکمل طو رپر کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری بھی دی گئی ہے- اجلاس میں یکم اپریل کو صوبہ بھر میں انرولمنٹ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے- اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ تعلیمی شعبہ میں انقلابی اصلاحات کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا کیونکہ تعلیم ہی ترقی اور خوشحالی کا واحد زینہ ہے- شعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنایا جائے گا اور تعلیم کے فروغ کے حوالے سے کئے گئے تمام اقدامات اور پروگرامز کی مکمل مانیٹرنگ کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا- سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے- میں ہر ماہ بعد شعبہ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے کئے ئے فیصلوں پر عملدرآمد کا خود جائزہ لونگا- اساتذہ قوم کے معماروں کی تربیت کا نیک فریضہ سر انجام دیتے ہیں، ان کی عزت وتکریم بحال کی جائے گی- طالبعلموں کو بہتر تعلیم دینے کیلئے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی- اساتذہ کی تربیت کے پروگرام میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائیںگے- پیپرز سیٹنگ سے لے کر چیکنگ اور مارکنگ کے تمام نظام کو آٹو میشن بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے فول پروف بنایا جائے گا- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رواں برس کے آخر تک تمام امتحانی نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل مکمل کیا جائے اور نئے تعلیمی سال سے نئے نظام کو لاگو کیا جائے- ہائی سکولوںکے ساتھ ایلیمنٹری سکولوں میں بھی کمپیوٹر لیبز بنائی جائیں گی- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سکولوں میں قائم کمپیوٹر لیبز کو سولر پر چلانے کی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ طالبعلم کسی تعطل کے بغیر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں- سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت کا کام ایک برس میں مکمل کیا جائے- پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نئے سکولوں کے قیام اور چلانے کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں- سکولوں میں حاضری کے لئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام جلد وضع کیا جائے- سکولوں میں درسی کتب کے ساتھ پریکٹیکل نوٹ بکس بھی مفت فراہم کر رہے ہیں- ای لرننگ پروگرام کے تحت تدریسی کتب کو آن لائن کرنے کا عمل مزید تیز کیا جائے- کتب بینی کے کلچر کے فروغ کیلئے پارکوں اور دیگر اہم مقامات پر ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کی جائیں گی جہاں پر آن لائن مطالعہ کی سہولت کے ساتھ کتب بھی رکھی جائیں گی جبکہ پنجاب میں موبائل لائبریریاں بھی بنائیں گے- اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے یکم اپریل سے سکولوں میں انرولمنٹ مہم چلانے کے فیصلے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ انرولمنٹ مہم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کا ہدف پورا کیا جائے گا- رواں مالی سال کے ا ختتام تک سرکاری سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا کام مکمل کر لیا جائے گا- بہترین کارکردگی دکھانے والے سکولوں کو خصوصی مراعات دیں گے-تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے پیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کریں گے - میں ہر 2ماہ بعد شعبہ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا خود جائزہ لوں گا اور شعبہ تعلیم کی پائیدار اور دیر پا ترقی میں کسی قسم کی کوتاہی یاغفلت برداشت نہیں کی جائے گی- علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے- رواں برس صاف پانی پراجیکٹ کیلئے 12 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے تحت صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے جبکہ فیصل آباد میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے- 2017 تک فیصل آباد کے ہر گھر میں صاف پانی فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور انشاء اللہ 2017 کے آخر تک فیصل آباد کا ہر شہری پینے کے صاف پانی کی سہولت سے مستفید ہوگا- وہ گزشتہ روز معروف فرانسیسی کمپنی ونسی کنسٹرکشن کے صدر الائن بونو کی سربراہی میں ملنے والے وفدسے بات چیت کر رہے تھے- شہباز شریف نے فرانسیسی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں شہریوں کو صاف ستھرا پانی فراہم کرنے کیلئے ایک میگا پراجیکٹ بنایا گیا ہے جس کے تحت اگلے ساڑھے چار سال میں تمام شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں- فیصل آباد میں واٹر سپلائی پراجیکٹ پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور تعمیراتی کام کی کوالٹی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے- میٹرو بس پراجیکٹ کے باعث شہریوں کو تیز رفتار، باکفایت اور آرام دہ سفری سہولتیں میسر آئی ہیں- صوبائی دارالحکومت کے بعد اب راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر کا آغاز اسی ماہ کیا جا رہا ہے- دریں اثناء شہباز شریف سے گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی- ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا- اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے- حکومت توانائی بحران اور انتہاپسندی کے ناسور کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے- اجتماعی بصیرت اور مشترکہ کوششوں سے ملک کو مسائل کے چنگل سے آزاد کرائیں گے- عوام کی توقعات پر ہر قیمت پر پورا اتریں گے- وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نیک نیتی سے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی- دریں اثناء شہباز شریف گزشتہ روز ڈیفنس میں سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب جہانزیب برکی مرحوم کے گھر گئے- وزیراعلیٰ نے سابق آئی جی جہانزیب برکی کے انتقال پر سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا-وزیراعلیٰ نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی- انہوں نے مرحوم جہانزیب برکی کی محکمہ پولیس کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے قیام اورجرائم کے خاتمے کیلئے جہانزیب برکی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا- بعدازاں شہباز شریف سابق بیورکریٹ ہمایوں فرشوری کے گھر بھی گئے اور ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا- علاوہ ازیں شہباز شریف نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا محمد عبیداللہ اور مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کے بھائی حاجی ولی اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے- علاوہ ازیں شہباز شریف آج بروز جمعہ چولستان کا دورہ کریں گے اور چولستان میں صورتحال کا خود جائزہ لیں گے-