چین اور ڈبلیو ایچ او سے خیرات میں ملی ویکسین ختم ہوگئی: عظمیٰ بخاری
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری پنجاب میں کرونا ویکسین ختم ہونے پر بزدار حکومت پر برہم ہو گئیں ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں پہلی ویکسین 10مارچ 2021کو لگائی۔آج چار ماہ بعد صرف پنجاب کے 50لاکھ سے بھی کم افراد کو ویکسین لگی ہے۔یہ تمام وہ ویکسین ہے جو چین اور ڈبلیو ایچ او سے خیرات میں ملی ہے۔مئی 2021کو پنجاب حکومت نے دس لاکھ ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا۔جن دو کمپنیوں سے پنجاب حکومت نے ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا ایک ویسے ہی بھاگ گئی ہے۔دوسری کمپنی نے دس لاکھ ویکسین فروخت کرنے کا 6ارب مانگا۔ماشاء اللہ سے بزدار حکومت نے ویکسین خریدنے کیلئے صرف ڈیڑھ ارب رکھے۔ پنجاب حکومت دو ماہ سے ویکسین خریدنے کے دعوے کررہے ہیں۔لیکن ابھی تک بزدار حکومت ایک ڈوز بھی خریدنے کی اہل نہیں ہوئی۔پنجاب حکومت نے الٹا جون تک ایک کروڑ بیس لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ بھی رکھ لیا ہے۔پنجاب میں اس وقت چھ کروڑ ستر لاکھ افراد ایسے جن کو کورونا ویکسین لگ سکتی ہے۔