اگر بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے نمائندوں اور کمیشن کو رسائی فراہم کرے تو پاکستان بھی آزاد کشمیر میں رسائی فراہم کرے گا: ترجمان دفتر خارجہ
صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اگر بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے نمائندوں اور کمیشن کو رسائی فراہم کرے تو پاکستان بھی آزاد کشمیر میں رسائی فراہم کرے گا۔ محمد فیصل نے بتایا کہ ہم با ضابطہ تصدیق کرتے ہیں کہ دہشت گرد ملا فضل اللہ افغانستان میں مارا گیا،خالد خراسانی سمیت تمام ٹی ٹی پی قیادت کا سرگرمی سے پیچھا جاری رہے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 23 مئی کو پاکستان کے ہیوسٹن میں قونصل جنرل نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایک خط بھی ان کے حوالے کیا، پاکستانی قونصل جنرل نے متعلقہ امریکی حکام سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے بدسلوکی کا معاملہ اٹھایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گذشتہ 6 ماہ میں 291 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا جبکہ 62 پاکستانی قیدی بھارتی جیلوں میں اپنی سزائیں مکمل ہونے کے باوجود رہائی کے منتظر ہیں۔