ضلع وہاڑی میں عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کا بجٹ دوگنا کر دیا گیا: ڈپٹی کمشنر
وہاڑی (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع وہاڑی میں عوامی مفاد کے حامل ترقیاتی منصوبوں کا بجٹ دوگنا کر دیا ہے۔گذشتہ مالی سال کے دوران ضلع وہاڑی میں پنجاب حکومت اور وفاق کی طرف سے فراہم کر دہ 18ارب 3کروڑ 77لاکھ روپے کی لاگت سے 1619ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا گیا۔ یہ بات انہوں ضلعی تر قیاتی جائزہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایم این ایزطاہر اقبال چوہدری، سید ساجد مہدی سلیم، چوہدری نذیر احمد آرائیں، صوبائی وزیر لائیو سٹاک آصف سعید خان منیس، ایم پی ایز میاں محمد ثاقب خورشید، چوہدری ارشاد احمد آرائیں، چوہدری محمد یوسف کسیلیہ اور عرفان عقیل دولتانہ کے علاوہ سر کاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی نے کہا کہ تما م محکمے جاری ترقیاتی منصوبوں کو 30 جون تک مکمل کرائیں اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 30جون تک مکمل کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا جولائی میں متعلقہ ممبران اسمبلی سے باقاعدہ افتتاح کرایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نئے منصوبوں کے لیے ممبران اسمبلی 15جولائی تک منصوبوں کی نشاندہی کر دیں تاکہ31 جولائی تک نئے منصوبوں کی منظوری کے مراحل کو مکمل کر لیا جائے اور ماہ اگست میں ان منصوبوں کے لیے حکومت کو فنڈنگ کا مطالبہ بھجوا دیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17ء میں 125منصوبوں پر 15ارب 68کروڑ10لاکھ روپے خرچ کئے گئے بیشتر منصو بے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی نے مختلف منصوبوں کے ناموں کی غلطیوں اور جگہ کی تبدیلی کے حوالہ سے تحفظات کا اظہارکیا جبکہ بعض منصوبوں کی سست روی کی نشاندہی کی۔ ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید نے گذشتہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مختلف محکموں کے افسران اور ڈپٹی کمشنر کی کاوشوں کا سراہا جس کی تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے تائیدکی۔