آرمی چیف کی ہدایت پر پاک افغان سرحد پر مرحلہ وار باڑ کی تنصیب شروع
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایات کے تحت پوری پاک افغان سرحد پر مرحلہ وار باڑ کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرحد پر سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔پہلے مرحلہ میں دراندازی سے زیادہ متاثرہ مہمند، باجوڑ اور خیبر ایجنسیوں میں اونچی باڑ نصب کی جا رہی ہے۔ دوسرے مرحلہ میں بلوچستان سمیت باقی ماندہ سرحد پر باڑ نصب کی جائے گی۔ باڑ لگانے کے علاوہ فوج اور ایف سی خیبر پختونخوا سرحد پر قلعے اور چیک پوسٹیں تعمیر کر رہی ہیں جن کی مدد سے سرحد کی نگرانی مﺅثر بنانے میں مدد ملے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحد پر سلامتی کو بہتر بنانا پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میںہے اور پائیدار امن و سلامتی کیلئے سرحد پر سلامتی کا ایک مربوط نظام ضروری ہے۔