سندھ حکومت میں شامل ہوں یا نہیں متحدہ کا ریفرنڈم، نتیجہ آج آئیگا
کراچی (بی بی سی) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے گزشتہ روز ریفرنڈم منعقد کروایا گیا جس میں کارکنوں سے یہ رائے طلب کی گئی تھی کہ سندھ حکومت میں شامل ہونا چاہئے یا نہیں؟ موجودہ حکومت میں متحدہ قومی موومنٹ اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک وفد نے نائن زیرو پہنچ کر ایم کیو ایم کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی، جس کے بعد ایم کیو ایم نے کارکنوں کی رائے کے بعد فیصلہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ریفرنڈم کا اہتمام متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر کیا گیا۔ ریفرنڈم صبح نو سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں بیلٹ پیپر بھی تیار کیا گیا تھا۔ عوام کی شرکت لازمی بنانے کے لئے ایم کیوایم کے دفاترمیں خصوصی کیمپس لگائے گئے تھے۔ متحدہ کے لاکھوں کارکنوں نے ریفرنڈم میں حصہ لیا۔ نتائج کا اعلان آج کیا جائے گا۔