صدر مملکت عارف علوی کا اہلیہ کے ہمراہ دورہ قومی ادارہ برائے امراض قلب
کراچی(نیوز رپورٹر )صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف الرحمان علوی نے اپنی اہلیہ ثمینہ علوی کے ہمراہ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کا دورہ کیا، جہاں پر ان کا این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر، ایگزیکٹیو ایڈمنسٹریٹو ڈاکٹر حمید اللہ ملک، سی او او عذرہ مقصود اور منیجمنٹ کنسلٹنٹ حیدرا عوان نے استقبال کیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے این آئی سی وی ڈی کے مختلف شعبہ جات ایمرجنسی، ایکو، کیتھ لیب اور مرد و خواتین کے وارڈز کا دورہ کیا، جہاں پر ان کو این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت اسٹیٹ آف دی آرٹ خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر پاکستان نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال میں داخل مریضوں سے بات چیت بھی کی۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شعبہ جات کے دورے کے بعد کہاکہ این آئی سی وی ڈی میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید علاج مفت مہیا کیا جا رہا ہے۔ این آئی سی وی ڈی کی فراہم کردہ خدمات قابلِ تعریف ہیں۔