انسداد خسرہ مہم میں سو فیصد اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے‘ ڈی سی خانیوال
خانیوال ( نمائندہ نوائے وقت ) ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ انسداد خسرہ مہم میں 100 فیصد اہداف کے حصول کے لئے افسران اور ملازمین اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں، والدین میں خسرہ کی بیماری کے حوالہ سے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے اور انہیں خسرہ ویکسین کی افادیت سے بھی آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے یہ بات ضلع میں جاری انسداد خسرہ مہم کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیر عباس شیرازی ، ڈی ایچ او ڈاکٹر سمیرا ، ڈاکٹر ابرا اقبال ، نمائندگان یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او ، محکمہ صحت کے افسران اور سپر وائزرز نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ضلع میں جاری 12 ۔روزہ انسداد خسرہ مہم کے دوران 6 ۔ماہ سے 7 ۔سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ خسرہ کے حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہیں رہنا چاہئے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ابتک ایک لاکھ 80 ۔ہزار 425 ۔بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں ۔