آلودگی سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو فضائی آلودگی سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے یہ ہمارا شہر ہے اور اسے ہمیں مل کر سنوارنا ہے ‘گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے ہمیں بڑی تعداد میں درختوںکی ضرورت ہے‘ ہر شخص ایک پودا لگائے تو شہر کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکتا ہے‘ شہر سے تجاوزات کا خاتمہ اورزیادہ سے زیادہ سرسبز قطعات بنانا پہلی ترجیح ہے یہ بات انہوں نے کراچی چڑیا گھر میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگانے اورنئی تعمیر شدہ آبشار کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عارف علوی‘ نامور ڈرامہ نگار اور اداکار انور مقصود نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا لگایا جبکہ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم‘ سینئر ڈائریکٹر ریکریشن منصور قاضی اور دیگر افسران بھی موجود تھے‘ میئر کراچی نے کہاکہ پوری دنیا میں گلوبل وارمنگ ایک اہم مسئلہ بن کر سامنے آرہی ہے ‘ وقت آگیا ہے کہ ہم بھی اس مسئلے کی سنگینی کا احساس کریں اور ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے ماحولیاتی بہتری کی طرف قدم بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سڑکیں ‘ کھیلوں کے میدان اور پارکس کچرے کا ڈھیر بن چکے ہیں‘ ندی نالوں پر قبضے کرلئے گئے ہیں‘ جگہ جگہ تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید ترین مسائل کا سامنا ہے‘ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ہماری پوری کوشش ہے کہ شہر کو بہتر بنائیں‘ کراچی چڑیا گھر شہریوں کیلئے بہترین تفریح گاہ ہے جہاں جانوروں کی تعداد میں اضافے سمیت تفریحی سہولیات بہتر بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان اور PSL فائنل کے سلسلے میں 21مارچ کی شام سے ہی شہر بھر میں سجاوٹ کا عمل شروع ہوجائے گا اور ہم اس بار PSL فائنل کو اب تک کا بہترین اور ناقابل فراموش ایونٹ بنائیں گے تاکہ دنیا کو یہ پتہ چلے کہ کراچی کھیلوں سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے اور یہ شہر اپنے ہیروز کی قدر کرنا جانتا ہے۔