پوسٹل لائف انشورنس: پاکستان پوسٹ آفس کو منافع بخش ادارہ بنانا چاہئے: قائمہ کمیٹی
اسلام آباد)صباح نیوز) پاکستان پوسٹ آفس کو پوسٹل لائف انشورنس پر توجہ دے کر اسے ایک بڑے منافع بخش ادارے میں تبدیل کرنا چاہئے۔ پوسٹل لائف انشورنس کے منافع جات کا 5 سے 10 فیصد حصہ اشتہاری مہم اور ترقیاتی مقاصد کے لئے مختص کیا جانا چاہئے۔ یہ ہدایات قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات نے اپنی میٹنگ کے دوران دیں۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ پوسٹل لائف انشورنس کا پوری مارکیٹ میں 3 فیصد حصہ ہے جبکہ 58 فیصد حصہ سٹیٹ لائف انشورنس کا ہے باقی تمام انشورنس کمپنیوں کا 39 فیصد ہے۔ لہذا پوسٹل لائف انشورنس کے پاس ترقی کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔ دریں اثناء معصوم بچوں اور بچیوں کے اغواء سے متعلق بھیگ منگوانے سے متعلق پیش کئے جانے والے بل پر اتفاق رائے نہ ہوسکا جبکہ کمیٹی کے ممبران نے موجودہ قانون کے تحت سزائوں کو مزید سخت کرنے اور ایسے واقعات کے روک تھام کے لئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو بھرپورکردار ادا کرنے کی سفارش کی ہے۔کمیٹی نے میٹروپولیٹین کارپوریشن کومالی خودمختاری دینے کے حوالے سے پیش کردہ بل پرمیئراسلام آباد اور کمشنر اسلام آباد سے سفارشات طلب کرلی ہیں۔ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس بدھ کے روز چیئرمین کمیٹی رانا شمیم احمد خان کی عدم موجودگی کے باعث کنوینئر نعیمہ کشور خان کی سربراہمی میں منعقد ہوا۔