حیدرآباد: چیئرمین جئے سندھ محاذ ریاض چانڈیو کی گرفتاری و رہائی
حیدرآباد( نامہ نگار) حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کے لئے آنے والے قوم پرست رہنما ریاض چانڈیوکو کینٹ پولیس نے پریس کلب میں داخل ہونے سے پہلے گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا جب کہ ان کے ساتھ موجود دیگر ساتھیوں کو بھی حراست میں لے لیا۔ تاہم دو گھنٹوں بعد ریاض چانڈیو کو رہا کردیا گیا ۔اس کے بعد حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاض چانڈیو نے کہاکہ ان کی جماعت جئے سندھ محاذ کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل نہیں ہے انہیں پولیس نے بلا جواز گرفتار کیا ہے ۔ جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو نے مزید کہاکہ ہم پر امن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں کبھی انتشار نہیںپھیلایا ۔انہوں نے کہاکہ سندھ پولیس کو ذاتی نوکر کی طرح استعمال کیا جارہا ہے۔ پولیس لوگوں کو تحفظ دینے کے بجائے لاپتہ کررہی ہے۔ جئے سندھ محاذ سے گرفتار رہنمائوں کی بازیابی کے لئے 23 جولائی کو سندھ بھرمیں احتجاج کیا جائے گا۔