گلہبار میں فائرنگ سے فریال تالپور کے سابق سکیورٹی انچارج عبدالرزاق شیخ ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی میں گلبہار کے علاقے حاجی مرید گوٹھ میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کے سابق سیکیورٹی انچارج عبدالرزاق شیخ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا ۔واقعہ بدھ کی شام پیش آیا جس کے بعد ملزمان جو موٹر سائیکل پر سوار تھے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقتول 40سالہ عبدالرزاق شیخ ولد اسماعیل کے گھر کے قریب موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور سر پر گولی لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی ۔ بعد میں ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول عبدالرزا ق شیخ سابق صدر کی ہمشیرہ او ررکن قومی اسمبلی فریال تالپور کا سابق سیکیورٹی انچارج تھا اور اس کا قتل ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے جس کے بارے میں تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند سال قبل سابق صدر آصف علی زرداری کے چیف سیکورٹی آفیسر بلا ل شیخ کو گرومندر کے قریب ان کی گاڑی دھماکے اسے اڑا کر ہلاک کیا گیا تھا اور وہ بھی گلبہار کے علاقے حاجی مرید گوٹھ میں رہتے تھے۔