رشوت طلبی،سی ڈی اے کے چارافسران کو معطل کر دیا گیا
اسلام آباد( وقائع نگار) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شہری کو پلاٹ کا قبضہ دینے میں رکاوٹ ڈالنے اورمبینہ طورپر رشوت طلب کرنے کے معاملے کا نوٹس لیے جانے پر چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی ترقیاتی ادارے کے چارافسران کو معطل کر دیا ہے معطل افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے وزیر اعظم نے سٹیزن پورٹل پر شہری کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ ( سی ڈی اے ) سمیت دیگر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی نوائے وقت کو دستیاب نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے شہریوں کی دادرسی کے لیے بنائے گئے سٹیزن پورٹل پر شباب نامی شہری نے ماڈل ٹاون ہمک میں واقع اپنے پلاٹ کے قبضے کے حوالے سے شکایت درج کرواتے ہوئے لکھا تھا کہ اس نے سی ڈی اے سے اپنے پلاٹ کے قبضے کے لیے گزشتہ سال اکتوبر میں درخواست دی جو پہلے پلاننگ و ڈیزائن میں پھنسی رہی تاہم بعد میں سی ڈی اے کے شعبہ لینڈ و بحالیات میںتعینات ایڈیشنل ڈائریکٹر فرید الدین کے دفتر میں تعینات تین افسران و اہلکاروں نے اس کی فائل میں رکاوٹیں ڈالیں اور اس سے مبینہ طورپر رشوت دینے کا بھی مطالبہ کیا پورٹل پر شکایت کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے معاملے کا ازخود نوٹس لیاتھا وزیراعظم کے نوٹس لیے جانے کے بعد گزشتہ روز وزیراعظم آفس کے حکام نے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کو ہدایت کی کہ وہ فوری طورپر ان افسران و اہلکاروں کو معطل کریں ان کے خلاف انکوائری شروع کروائی جائے چیئرمین سی ڈی اے نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ و بحالیات فریدالدین ، اسٹنٹ ڈائریکٹر عنایت اللہ خان ، اسسٹنٹ محمد اکرام اور ڈیلنگ کلرک اسحاق کو فوری طورپر معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری شروع کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔