خواتین کی اقتصادی اور معاشی خودمختاری پائیدار ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، انوشہ رحمان
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام انوشہ رحمان خان نے ٹریڈاینڈ ڈویلپمنٹ بارے اقوام متحدہ کے ادارہ کے سیکرٹری جنرل کی دعوت پر ای کامرس ہفتہ بارے تقریب میں شرکت کی جوکہ ’’ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ترقیاتی پہلوئوں‘‘کے مرکزی موضوع کے تحت جنیوا میں منعقد ہوئی ۔ 16سے 20اپریل 2018ء تک منعقد ہونے والی تقریبات کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمزکے بڑھتے ہوئے کردار اور پائیدار ترقی کے لیے ٹیکنالوجیز کے کردار بارے تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اقوام متحدہ کے تجارت اور ترقی بارے ادارہ (یو این سی ٹی اے ڈی)کا ای کامرس ویک وزرائ، اعلیٰ سرکاری حکام، بین الاقوامی اداروں کے سی ای اوز، ترقیاتی بینکس، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے لیے بڑا اہم فورم ہے جہاں وہ ای کامرس ایکو سسٹم کی ترقی کے پر عملدرآمد بارے تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔وزیر انوشہ رحمان خان نے 16سے 17اپریل تک کے دو روزہ دورہ میں ایڈوانسنگ وویمن ڈیجٹیل اوپر چنیٹی بارے وزارتی گول میز کانفرنس اور ورکشاپس میں بطور پینلسٹ شرکت کی۔انہوں نے ڈیجیٹل اکانومی کے سلسلہ میں درپیش چیلنجز اور ترقیاتی مواقع کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اقتصادی اور معاشی خودمختاری پائیدار ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے جو غربت کے خاتمہ اور صنفی برابری کے لیے بہت ضروری ہے۔ اعلیٰ سطحی مذاکرہ میں عالمی رہنمائوں نے تسلیم کیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ وزیر نے اقوام متحدہ کے تجارت اور ترقی بارے ادارہ کے سربراہ سے دوطرفہ ملاقات بھی کی جس میں انہوں نے آئی سی ٹی کے شعبہ میں پاکستان کی کامیابیوں اور آئی ٹی شعبہ کی مسلسل ترقی کے لیے مستقبل کے منصوبوں بارے بتایا۔وزیر مملکت انوشہ رحمان خان نے عالمی اقتصادی فورم کے سربراہ بورگ برینڈ ے سے بھی ملاقات کی اور ان سے سائیبر گورننس اور خصوصاً آئی سی ٹی سے متعلقہ معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ میں بھی شرکت کی جوکہ انٹر نیشنل ٹیلی کمیونیکشن یونین (آئی ٹی یو) کے انتخابات کے سلسلہ میں پاکستان کو متعارف کروانے کے لیے دیا گیا کیونکہ پاکستان آئی ٹی یو کے انتخابات میں حصہ لے رہا ہے۔ استقبالیہ میں بڑی تعداد میں سفیروں، اقوام متحدہ میں مستقل مندوبوں اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے وزیروں نے شرکت کی۔ وزیر نے اس موقع پر اپنی بات چیت میں پاکستان میں آئی سی ٹی شعبہ میں ہونے والی ترقی کے بارے میں بتایا جس پر پاکستان کی آئی ٹی شعبہ کی ترقی کو بے حد سراہاگیا۔