ڈنگہ: رشتے کا تنازعہ، ماموں نے ساتھیوں کے ہمراہ 2 بھانجیوں سمیت 3 طالبات پر تیزاب پھینک دیا
ڈنگہ، گجرات(نامہ نگار+ صباح نیوز) رشتے کے تنازعے اور خاندانی رنجش پر ماموں نے ساتھیوں کے ہمراہ 2 بھانجیوں سمیت 3طالبات پر تیزاب پھینک دیا جس کے بعد ایک ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے ڈنگہ میں تین طالبات یونیورسٹی جانے کے لیے بس سٹاپ پر کھڑی تھیں کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان عبدالقدیر، احسان اور دانش آئے اور لڑکیوں پر تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔جائے وقوعہ پر موجود افراد نے موٹرسائیکل سواروں کا تعاقب کیا اور اس دوران ایک ملزم کو پکڑ لیا جبکہ 2 فرار ہوگئے۔شہریوں نے ملزم احسان کو پکڑنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا جبکہ پولیس نے دیگر دو ملزمان کی تلاش شروع کردی۔دوسری جانب متاثرہ لڑکیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی طالبات میں 2بہنیں اور ان کی ایک دوست شامل ہے۔ملزم عبدالقدیر آسیہ اور سائرہ ما موں ہے دونوں میں خاندانی رنجش اور رشتے کا تنازعہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے طالبات پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او)سے رپورٹ طلب کرلی۔