اقتصادی راہداری سے خطے میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے: صدر ممنون
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان کی اقتصادی حالت کو سنوارے گی بلکہ اس منصوبہ سے پورے خطے میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور اقتصادی حالت بہتر ہو گی۔ صدر مملکت نے یہ بات چیئرمین سپارکو میجر جنرل قیصر انیس خرم کی سربراہی میں وفد سے ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین سپارکو نے صدر کو اپنے ادارے میں جاری سٹیلائیٹ منصوبوں اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں اپنے ادارے کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر ممنون نے کہا کہ ملک کی معاشرتی و معاشی ترقی میں سپارکو کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ سپارکو کی فراہم کردہ معلومات سے زرعی شعبہ جات کی ترقی، آبی وسائل کی فراہمی، قدرتی آفات سے بچنے اور نمٹنے کے انتظامات کی موثر منصوبہ بندی کرنا آسان ہو گیا ہے۔ صدر نے کہا کہ سپارکو خلائی ٹیکنالوجی کے متعلق لوگوں میں شعود اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔