پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ، لاہور سمیت12 اضلاع میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے لئے لاہور سمیت پنجاب کے 12 اضلاع میں انتخابی گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ امیدواروں کے انتخابی دفاتر قائم ہوچکے ہیں اور بینروں اور فلیکس ماحول پر چھائے ہوئے ہیں۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے امیدوار اپنے جنرل کونسلروں کی وارڈ کی سطح پر ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلانے کے ساتھ ساتھ کارنر میٹنگز بھی کر رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کی 274 یونین کونسلوں میں سے چند ایک چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلر بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ باقی یونین کونسلوں میں امیدواروں کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ بظاہر لاہور میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے مقابلہ نظر آتا ہے تاہم پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، پاکستان عوامی تحریک سمیت بعض دیگر جماعتوں کے خال خال امیدواروں کے علاوہ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد بھی میدان میں موجود ہے۔ 31 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے التوا کی افواہیں آہستہ آہستہ دم توڑتی جا رہی ہیں۔ الیکشن ملتوی کرانے کے لئے عدالت میں جانے والوں کو سات محرم کی تاریخ ملی ہوئی ہے اس روز ایک تاریخ پڑ گئی تو الیکشن 31 اکتوبر کو منعقد ہو جائیں گے۔