اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائے،صدر مسعود
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ کی حکومت کشمیر بارے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے کردار اداکرے اور سلامتی کونسل کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار اداکرے کشمیر کیلئے فیکٹ فائنڈگ مشن کشمیر بھیجا جائے۔ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں برطانوی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سو سات روز ہوچکے ہیں کشمیریوں پر جاری مظالم میں اضافہ ہورہا ہے۔ محاصرے کے دوران 13ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بھارت نے جموں و کشمیر ،کارگل لداخ کو یونین ٹیریٹریز بنادیا ہے۔ ہندوستان کا یہ اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ صدر ریاست کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے اب نیا نقشہ جاری کیا ہے جس میں آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی اپنا حصہ دکھایا ہے۔ کشمیریوں نے اپنے تحفظ کیلئے سول ڈیفنس نظام بنا لیا ہے۔ کشمیر جل رہا ہے لیکن سلامتی کونسل خاموش ہے۔ انہوںنے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ سلامتی کونسل کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار اداکرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ صدر آزاد کشمیر نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بنا کر کشمیر بھیجا جائے۔ برطانیہ کی حکومت کشمیر بارے سلامتی کونسل اجلاس بلانے کیلئے کردار اداکرے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کے دوران بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔