کشمیریوںکے دلوں سے بسی روح آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی ،سردار مسعود خان
مظفرآباد (صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردارمسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں بہنے والے خون اور اُوڑی سے رام نگر تک ہونے والی تباہی و بربادی کا حساب دھلی میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں سے لینے کا وقت آ پہنچا ہے ۔ گولیوں سے کشمیریوں کے جسموں کو چھلنی اور بارود سے اُن کی جائیداد اور کاروبار تو تباہ کیا جا سکتا ہے لیکن اُن کے دلوں سے بسی روح آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی ۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چودہ کشمیریوں کی شہادت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ محاصروں اور گھر گھر تلاشیوں کے بہانے بھارتی قابض فوج کے اہلکار عام شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو چن چن کر قتل اور پیلٹ گنوں کے استعمال سے بصارت سے محروم کر رہی ہیں ۔ خواتین پر جنسی تشدد اور اُنہیں ہراساں کرنا اب معمول بن چکا ہے جبکہ بچوں اور خواتین کو بطور ڈھال استعمال کرنے جیسے جرائم کا ارتکاب بے دریغ کیا جا رہا ہے ۔ یہ وہ جرائم ہیں جنہیں بین الاقوامی طور پر انسانیت کے خلاف جرائم سمجھا جاتا ہے ۔ بھارت کو جلد یا بدیر ان جرائم کا حساب دینا ہو گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ شوپیاں اور پلوامہ میں جس بے دردی سے نوجوانوں اور نہتے شہریوں کو قتل کیا گیا وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کے نیم پاگل حکمران کشمیریوں کو قتل کر کے اُنہیں جیلوں میں بند کر کے اور عقوبت خانوں میں تشدد کا نشانہ بنا کر غلامی کی زندگی قبول کئے رکھنے پر مجبور کر رہے ہیں ۔لیکن بھارت کایہ جبر استبداد اور کشمیر کے متعلق اس کے مذموم منصوبے انشاء للہ کبھی کامیاب نہیں ہو ں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت کے قابض فوج ایک خاص منصوبے کے تحت کشمیر کے نوجوانوں کو دیوار کے ساتھ لگا کر اُنہیں انتہائی قدم اُٹھانے پر مجبور کر رہی ہیں تاکہ فوج کو نوجوانوں کو قتل کرنے کا مذید جواز مل سکے ۔ صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ وادی میں تسلسل کے ساتھ نوجوانوں کے قتل عام کو بین الاقوامی انسانی اقدار کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی قابض افواج بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے جن کو لگام دینا اورمحاسبہ کرنا نا گزیر ہو چکا ہے ۔