پاکستان اپنی اقتصادی کارکردگی سے بہترین مستقبل کا حامل بن سکتا ہے : ورلڈ بینک رپورٹ
عالمی بینک نے کہاہے کہ بیس کروڑ اسی لاکھ کی نوجوان آبادی پاکستان کا عظیم سرمایہ ہے جو اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں بینک کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہی گئی جس کا عنوان تھا'' Pakistan@100 مستقبل کی تعمیر''۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان 2047 میں سو سال مکمل ہونے پر اپنی اقتصادی کارکردگی سے بہترین مستقبل کا حامل بن سکتا ہے۔
رپورٹ جاری کرتے ہوئے عالمی بینک کے جنوبی ایشیا کے بارے میں نائب صدرHartwing Schafer نے کہا کہ پاکستان کو اپنے عوام کو امیر، بہتر تعلیم یافتہ اور صحت مند بنانے کیلئے فوری طور پر مزید اور بہتر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں اہم تجاویز پیش کی گئی ہیں جن میں کہا گیا کہ پاکستان کو انسانی وسائل میں اضافے اور بہتری لانے، پیداواری صلاحیت بڑھانے ، سماجی اور ماحولیاتی پائیداری کے فروغ ، اچھا نظم ونسق یقینی بنانے اور ہمسایہ ملکوں اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ روابط کیلئے اپنے محل وقوع سے فائدہ اٹھانے سمیت شرح نمو میں اضافہ کرنا اور اسے برقرار رکھنا شامل ہے۔ بینک نے تجویز دی کہ پاکستان کو تیزی سے اقدام کرنے چاہئیں اور آبادی میں اضافے پر منظم انداز میں قابو پانا اورمائوں کی صحت بہتر بنانے کے حوالے سے کام کرنا چاہئے۔ اسکے علاوہ پاکستان کو بچوں کی خوراک اور صحت پر توجہ مرکوز کرکے اور مجموعی طور پر تعلیم اور ہنر کے فروغ پر رقم خرچ کرکے بچوں کی ترقی پر کام کرنا چاہئے۔رپورٹ میں دیگر اہم شعبوں میں اصلاحات پر بھی زور دیا گیا اور مالی گنجائش اور لوگوں پر سرمایہ کاری کو ترجیحات میں رکھتے ہوئے ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے علاوہ ٹیکس پالیسی اور انتظامیہ میں اصلاحات کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مشکل اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے مضبوط نظم ونسق بہت ضروری ہے۔