مظفر گڑھ میں جمشید دستی کی حمایت اور مخالفت میں پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے
مظفرگڑھ(نامہ نگار)مظفرگڑھ میں جمشیددستی کی حمایت اور مخالفت میں تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آگئے ،جمشیددستی کو این اے182میں ممکنہ طور پر تحریک انصاف کی جانب سے سپورٹ کرنے اور حلقے میں تحریک انصاف کا اُمیدوار کھڑا نہ کرنے کے ممکنہ فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کی ،تودوسری جانب جمشیددستی کی حمایت میں بھی تحریک انصاف اور عوامی راج پارٹی کے کارکنوںاور بلدیاتی نمائندوں نے مظاہرہ کیا۔تفصیلات کیمطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے182سے تحریک انصاف کا اُمیدوار کھڑا نہ کرنے اور اس حلقہ سے جمشیددستی کی حمایت کے ممکنہ فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کیااور سیکرٹریٹ میں شیشوں اور سامان کی توڑ پھوڑکرنے کے علاوہ رہنمائوں کے پینافلکسز بھی پھاڑدئیے تھے ۔تحریک انصاف کے یوتھ ونگ کے کارکنوں کا جمشیددستی کیخلاف احتجاج ختم ہوا تو جمشید دستی کی حمایت میں بھی تحریک انصاف کے کارکن میدان میں آگئے ۔تحریک انصاف کے کارکنوں نے عوامی راج پارٹی کے کارکنوں کیساتھ ملکر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیابعدازاں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صوبائی عہدیدارمرزامدثربیگ ،تحریک انصاف کے کونسلرزاور دیگر بلدیاتی نمائندوں کاکہنا تھا کہ این اے182میں جمشیددستی کی حمایت سمیت انھیں تحریک انصاف کی قیادت کا ہر فیصلہ قبول ہے جس کی وُہ حمایت کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ چندعناصر اپنے مفادات کی خاطر پارٹی کے کارکنوں کو استعمال کرناچاہتے ہیں جس کی وُہ بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔