ریاستی و سرحدی امور اور انسداد منشیات کے وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو در پیش مسائل کا حل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یہ بات قطر کے دارالحکومت دوحہ کی سینٹرل جیل کے دورے کے دوران پاکستانی قیدیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پبلک سکیورٹی کےڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سعد بن جاسم الخلیفی نے وزیر مملکت کو پاکستانی قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد میں وزیر مملکت نے پاکستانی قیدیوں کے سیل کا دورہ کیا جنہوں نے ان کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔وزیر مملکت نے انہیں یقین دلایا کہ وہ قطری حکام کے ساتھ ان کے مسائل پر بات کریں گے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کو در پیش مسائل کے حل کےحوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور پاکستانی پاسپورٹ کے تقدس کی بحالی یقینی بنائے گی۔