جمشید احمدترین نڈر‘ بے باک تھے‘ زندگی اسلام‘ پاکستان کیلئے وقف کی: مقررین
لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین ایک نڈر، صاف گو اور بے باک انسان تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کو اسلام ، پاکستان اورقائداعظم کیلئے وقف کر رکھا تھا۔ انہوں نے نہ صرف جدوجہد آزادی میں قائداعظم محمد علی جناح کے بے لوث سپاہی کا کردار ادا کیا بلکہ قیامِ پاکستان کے بعد تعمیر پاکستان کے ضمن میں بھی اَن تھک محنت کی۔ آپ اُن خوش بخت لوگوں میں سے تھے جنہیں بابائے قوم سے شرفِ ملاقات حاصل تھا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن و سابق چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین کی دوسری برسی پر محفل قرآن خوانی کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، چیف کوآرڈی نیٹر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف، مرحوم کے صاحبزادگان سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور عظمت ترین، پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، افتخار علی ملک، ولید اقبال ایڈووکیٹ، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، محمد ابراہیم طاہر،بیگم مہناز رفیع، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، کالم نگار ودانشور قیوم نظامی،بیگم خالدہ جمیل، بیگم منور جبین قادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تحریک پاکستان کے کارکن ، چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے پیغام میں کہا کہ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے زمانۂ طالبعلمی کے دوران تحریکِ پاکستان میں انتہائی سرگرم کردار ادا کیا۔ وہ ایک غیر متزلزل عزم و ارادے کے مالک انسان تھے جن کی ذات ہم سب کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین کا اوڑھنا بچھونا پاکستان تھا۔ وہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ دیکھنے کے آرزو مند تھے۔چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ کرنل (ر) جمشید احمد ترین مخلص اور کمیٹڈ انسان تھے۔ محنت اور تندہی سے کام کرنا ان کا خاصہ تھا۔ وہ بے شمار خوبیوں اور خوبصورتیوں کا مجموعہ تھے۔شوکت ترین نے کہا کہ میرے والد کرنل(ر) جمشید احمد ترین ایک شفیق اور بااصول شخصیت تھے۔ وہ پکے پاکستانی اور قائداعظم کے سچے پیروکار تھے۔پاکستان اور قائداعظم کے خلاف ایک لفظ سننا بھی گوارا نہیں کرتے تھے۔میاں فاروق الطاف نے کہا کہ مجھے کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ۔ وہ ایک نفیس ،وجیہ اور خوش لباس انسان تھے ۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کیلئے ان کی گرانقدر خدمات قابل قدر ہیں ۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ کرنل(ر) جمشید احمد ترین کی حب الوطنی اپنی مثال آپ تھی اورانہوںنے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔وہ ایک شفیق اور مہربان شخصیت تھے۔ ولید اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ کرنل(ر)ڈاکٹر جمشید احمد ترین خوش اخلاق، خوش لباس اور باذوق شخصیت تھے۔ انہوں نے نظریۂ پاکستان کے فروغ کیلئے بھرپور کام کیا۔بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین پر خلوص انسان تھے۔ وہ پاکستان کو اپنی جان سے بھی عزیز رکھتے اور ہمیشہ وطن عزیز کی خدمت کیلئے کمربستہ رہتے تھے۔بیگم خالدہ جمیل نے کہا کہ کرنل (ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین ہمہ جہت شخصیت تھے۔ ان کی حب الوطنی بے مثال تھی۔ کرنل(ر)ڈاکٹر جمشید احمد ترین نے ساری زندگی جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائے رکھا ۔ پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ کرنل(ر) جمشید احمد ترین نے نہ صرف تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ استحکام پاکستان کیلئے بھی بھرپور کام کیا۔میاں محمد ابراہیم طاہر نے کہا کہ کرنل(ر) جمشید احمد ترین د و قومی نظریہ کے فروغ اور وطن عزیز کو صحیح معنوں میں علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمدعلی جناح کے نظریات و تصورات کا آئینہ دار بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہے۔شاہد رشید نے کہا کہ کرنل(ر) جمشید احمد ترین نے اس ملک وقوم کیلئے بڑی خدمات انجام دیں۔ وہ بہت بڑے عاشق رسولؐ تھے۔ کرنل(ر) جمشید احمد ترین ایک انتہائی غریب پرور انسان تھے۔ پروگرام کے دوران قاری ذوالفقار نے ختم پڑھا جبکہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے مرحوم کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کیلئے دعا کروائی۔