تحریک لبیک کے زیراہتمام ’’نریندر مودی علاقائی امن کے لئے خطرہ‘‘کے عنوان سے مجلس مذاکرہ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام ’’نریندر مودی علاقائی امن کے لئے خطرہ‘‘ کے عنوان پر مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہوار میں مجلس مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں لبیک سٹوڈنٹس کے مرکزی جنرل سیکرٹری حافظ محمد صادق صُبحی، الغالبون ضلع لاہور کے ناظم اعلیٰ محمد وسیم عباسی، صاحبزادہ محمد خزیمہ رضوی، مولانا محمد اکرام الحق حقّانی، مولانا محمد نعمان آسوی اور حافظ محمد اکبر جلالی نے اظہار خیال کیا۔ مذاکرہ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ ، تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ بڑھکیں مارنے والے مودی کو بڑھ کے مارنے کا وقت آگیا ہے۔ مودی پاکستان دشمنی میں پاگل ہو چکاہے۔ سومناتی گیدڑ پاک فوج کے انگڑائی لیتے ہی دم دبا کے بھاگ جائیں گے۔ پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو چھٹی کا دودھ یاد کرا دیا جائے گا۔ الیکشن جیتنے کے لیے مودی نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔ پلوامہ حملے کی ذمہ داری پاکستان پہ ڈالنا پاکستان پر اقتصادی پابندیاں لگوانے کی ناکام کوشش ہے۔ روزانہ کشمیر میں خونخواری کرنے والے اپنے مظالم پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہے ہیں۔ گزشتہ دو دنوں سے ہندو بلوائیوں نے کشمیریوں کی املاک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔جبکہ انڈین فورسز نے وادی میں لاشوں کے ڈھیر لگا دیئے ہیں۔ بھارتی واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔