بلین ٹری منصوبہ ہمارا فخر، پنجاب سندھ کے جنگلات پر ٹمبر مافیا قابض : عمران
اسلام آباد (این این آئی+ اے این این) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمارا فخر ہے اس پر تنقید صرف اس لیے ہورہی ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ پی ٹی آئی نے شروع کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے مزیدکہا یہ پہلا ماحولیاتی منصوبہ ہے جسے پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے اور لوگ منصوبے پر محض اس لئے حملے کررہے ہیں کہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا۔ انہوں نے کہا منصوبے پر محض اس لئے حملے کرنا کہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا یہ کہاں کی عقلمندی ہے، ٹمبر مافیا نے سندھ اور پنجاب کے جنگلات پر قبضہ کرکے انہیں تباہ و برباد کردیا ہے، جبکہ تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم پر حملوں کے بجائے پنجاب اور سندھ کے جنگلات کی فکرکرنی چاہیے۔ اے این این کے مطابق حالیہ ضمنی انتخابات میں شکست اور مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے پریشان پارٹی کے اہم رہنمائوں نے عمران خان کو پنجاب میں جارحانہ پالیسی اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے پارٹی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنمائوں نے مشورہ دیا تحریک انصاف فوری طور پر نئی سیاسی حکمت عملی کے تحت پنجاب میں میدان سجائے۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کے مطابق پنجاب میں کی جانے والی سیاسی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے جس کے بعد مسلم لیگ ن کے جلسوں کے مقابلے میں جلسوں کا چیلنج پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ نواز شریف درست کہتے ہیں کہ انہوں نے واقعی دس روپے کی کرپشن نہیں کی وہ صحیح کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک سو اور ایک ہزار روپے کی بھی کرپشن نہیں کی کیونکہ انہوں نے300 ارب کی کرپشن کی ہے اپنے بیان میں ترجمان نے کہا کہ اسی تین سو کروڑ کی کرپشن کی جوابدہی کیلئے انہیں بلایا جاتا ہے پہلے سپریم کورٹ134 روز ان سے پوچھتی رہی کہ16 کمپنیوں میں تین سو کروڑ کہاں سے لے کر لگائے اب یہی سوال احتساب عدالت ان سے پوچھ رہی ہے لیکن وہ جلسے کرنے میں لگے ہیں ترجمان نے کہا کہ موصوف کا نکتہ نظر یہ ہے کہ لوگ ان کے جلسوں میں آ رہے ہیں اس لئے ان کے خلاف مقدمات بند کردینے چاہئیں میاں صاحب ووٹ کا تقدس آئین کے تقدس کے ساتھ مشروط ہوتا ہے ترجمان نے کہا کہ قانون کے تابع اکثریت کی حکومت جمہوریت کہلاتی ہے قانون کے ماورا اکثریتی حکومت جمہوریت نہیں ہوتی آپ کے اوپر قومی خزانہ چوری کرکے باہر لے جانے کا سنگین الزام ہے اس کا جواب آپ نے اور آپ کے بچوں نے دینا ہے اگر جواب نہیں دے پائیں گے تو آپ کو اڈیالہ جیل جانا ہوگا۔
عمران خان