مسٹر پاکستان کا ٹائٹل غلام اصغر نے جیت لیا جونیئر مسٹر پاکستان فیضان خان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے مسٹر پاکستان کا ٹائٹل پنجاب سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے تن ساز غلام اصغر نے جیت لیا جبکہ جونیئر مسٹر پاکستان کا ٹائٹل کے پی کے کے فیضان خان نے اپنے نام کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے مقامی ہال میں منعقد ہونے والے مقابلے میں ملک بھر سے 150 سے زائد تن سازوں نے حصہ لیا جس میں 13 ویٹ کیٹگری میں تن سازون نے اپنے جوہر دکھائے۔ اس موقع پر نیشنل اور جونیئر نیشنل چیمپیئن شپ کا بھی انعاقد ہوا جس میں آٹھ آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ پاکستان ریلوے نے جیت لی جبکہ پنجاب ٹیم دوسرے اور ایچ ای سی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔ جونیئر نیشنل چیمپیئن شپ میں ایچ ای سی نے پہلی، پنجاب نے دوسری جبکہ کے پی کے نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مسٹر اور جونیئر مسٹر پاکستان مقابلوں کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اعجاز گل جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایم این اے حمزہ شہباز شریف کے سیکرٹری شیخ کبیر تاج تھے جنہوں نے کامیاب تن سازوں میں انعامات تقسیم کیے۔