پنجاب میں جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے انتخابات 20 اگست کو ہوںگے
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ )امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے انتخابات 20 اگست کو ہوںگے ۔اس حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ راولپنڈی شہر اور کینٹ کی 20 یونین کونسلوں اور وارڈز میں الیکشن ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں زونل اُمراء کے ماہانہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دعوتی ٗتنظیمی ٗ تربیتی اور سیاسی امور کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ زونل اُمراء نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں ۔سید عارف شیرازی نے پختون جرگہ کی کامیابی پر تمام منتظمین ٗعہدیداران اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔درایں اثنا جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری اورجے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے ریٹرننگ آفیسر ضیا اللہ چوہان نے جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں ۔الحمد للہ ! ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو قیادت کے منصب پر لانا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں نوجوانوں میں بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ہر جگہ نوجوان بڑی تعداد میںجے آئی یوتھ میں شامل ہو رہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ہر یونین کونسل میں کئی کئی پینل سامنے آ ئے ہیں ۔ ضیا اللہ چوہان نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے وژن کے مطابق یوتھ کو ذمہ داریاں بھی دی جارہی ہیں اور ان کی سرپرستی بھی کی جارہی ہے ۔ نوجوان قیادت کو متعارف کرایا جارہا ہے ۔