وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے بعد اب پنجاب کابینہ میں بھی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار صوبائی وزراء کی کارکردگی رپورٹ تیار کررہے ہیں جس کے بعد صوبائی وزرا ء کے قلمدان تبدیل ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق مختلف اداروں نے پہلے ہی صوبائی وزرا ء کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم آفس بھجوا دی اور وزیراعظم آئندہ چند روز میں پنجاب بارے کچھ اہم فیصلے کریں گے ۔ادھر پنجاب کی بیوروکریسی میں بھی تبدیلی کا امکان ہے جس کی فہرستیں تیار کر لی گئیں، چیف سیکرٹری پنجاب، 4 سیکرٹریز، 3 کمشنرز، 11 ڈپٹی کمشنرز اور 31 اسسٹنٹ کمشنرز کی تبدیلی کا امکان ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کے لئے میجر(ر)اعظم سلیمان مضبوط امیدوار ہیں۔ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان اس وقت وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات ہیں۔ پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلی کے لئے زاہد اختر زمان، شہریار سلطان، محمد عثمان کے نام زیر غور ہیں۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024