کرتارپور: گردوارہ بابا گرو نانک پر آج سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا
شکرگڑھ (نامہ نگار)کرتار پور میں بیساکھی میلہ پر سکھ یاتریوں کی آمد پر تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ دربار کی تزئین و آرائش کر لی گئی۔داخلی راستے اور دربار کو مصنوعی روشنیوں سے سجا دیا گیا مچھرمار سپرے کیا گیا۔بھا رت سمیت دنیا بھر سے بیساکھی تہوار منانے پاکستان آنے والے سینکڑوں سکھ یاتری آج بروز جمعہ دربار کرتار پور پہنچیں گے۔تعمیراتی کام کی وجہ سے مچھروں کی بہتات کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے دربار،لنگر خانے، واش رومز اور گردوارہ کے احاطہ میں ڈینگی مچھر مار سپرے کیا گیا۔ گردوارہ کے داخلی راستے،عبادت گاہ،سمادی کو بھی پھولوں اور روشنیوں سے آرستہ کر دیا گیا۔ گردوارہ باباگورونانک پر لگے ساونڈ سسٹم اور بجلی کے نظام کو اپ گریڈ کر دیا گیا۔سکھ یاتریوں کی آمد پر پھولوں کے ہار اور گلدستے کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا جائے گا سکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے۔