گوجرانوالہ چیمبر الیکشن ،یونٹی ون یونٹی اور فاونڈر اتحاد گولڈن گروپوںمیں کانٹے کا مقابلہ متوقع
گوجرانوالہ ( فرحان میر سے ) چیمبر آف کامرس کے سالانہ الیکشن میں یونٹی ون یونٹی گروپ اور فاونڈر اتحاد گولڈن گروپ کے درمیان کارپوریٹ کلاس کی 7نشستوں پر آج کانٹے دار مقابلہ ہو گا دونوں گروپوں نے ووٹرز کو "رام "کرنے کیلئے تمام حربے استعمال کیے اور مخالفین کے ناراض ارکان کو بھی ساتھ ملانے کی بھرپور کوششیں کی جاتی رہی ہیں، تاہم یونٹی ون یونٹی گروپ کی پوزیشن مستحکم دکھائی دے رہی ہے اور کارپوریٹ کلاس کے امیدوار محمد شعیب بٹ فیورٹ امیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں ، چیمبر کے حالیہ انتخابات ماضی کی نسبت سب سے زیادہ زیر بحث ہیں کیونکہ یونٹی ون یونٹی گروپ اور فائونڈر اتحاد گروپ دونوں کی جانب سے بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی اور ووٹرز کی خاطر مدارت اور ان کو منانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ، مبصرین کے مطابق اس انتخابی مہم میں یونٹی ون یونٹی گروپ کا پلڑا بظاہر بھاری دکھائی دے رہا ہے کیونکہ اس گروپ میں چیمبر کے منجھے ہوئے کھلاڑی شامل ہیں جن میں اخلاق احمد بٹ ، شیخ محمد نسیم ، ملک ظہیر الحق ، رانا شہزاد حفیظ ، خواجہ ضرار کلیم ، ضیاء اللہ عرفانی ، میاں محمد سلیم ، میاں عامر عزیز ، عمر اشرف مغل ،خواجہ خالد حسن ، و دیگر کے نام قابل ذکر ہیں، جبکہ فائونڈر اتحاد گولڈن گروپ کی کمان شیخ اسلم ، رانا ناصر محمود ، عاصم انیس، عطاء فرید چوہدری ، شیخ عامر رحمن ، سمیع اللہ نعیم کے ہاتھوں میں ہے ، اس گروپ کی طرف سے صدارت کے امیدوار کیلئے غلام حسین جج کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ یونٹی ون یونٹی گروپ کو ایک یہ بھی خاصیت حاصل ہے اس میں صدارت کے امیدوار محمد شعیب بٹ بیرون ملک سے اعلی تعلیم یافتہ ہیں اور 12 سال تک میئر گوجرانوالہ رہنے والے الحاج محمد اسلم بٹ مرحوم کے بھتیجے ہیں، آج کارپوریٹ کلاس کی نشستوں پر الیکشن کے بعد پرسوں 20 ستمبر بروز سوموار کو دوسرے مرحلے میں ایسوسی ایٹ کلاس کی نشستوں پر الیکشن ہوں گے ۔