آخر ی وقت میں مسلم لیگ (ن) بھی فضل الرحمن کا ساتھ نہیں دیگی: ہمایوں اختر خان
لاہور (نیوز رپوٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن قوم کو بتائیں آزادی مارچ کس کیلئے کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی پہلے ہی شمولیت نہ کرنے کا واضح اعلان کر چکی ہے اور آخری وقت میں مسلم لیگ (ن) بھی اس میں شریک نہیں ہو گی، سابقہ حکمرانوں نے ملک میں جو خرابیاں پیدا کی ہیں انہیں ایک سال میں ٹھیک نہیں کیا جا سکتا، نئے قرضے سابقہ قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی کی مد میں ادا ہو رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اقتصادی ٹیم کو وزیر اعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے انشا اللہ ہم اس ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالیں گے ۔ معیشت کے استحکام کیلئے دنیا میں جو سٹینڈرڈ موجود ہیں موجودہ حکومت ان کو عمل پیرا ہے اور ہماری معیشت میں استحکام آرہا ہے ۔ ملک میں بڑی انڈسٹری کیلئے مشینری امپورٹ ہونا شروع ہو گئی ہے ، تجارتی خسارے میں کمی آئی ہے جبکہ ہماری برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ مثبت اشاریے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمن کشمیر کیلئے آزادی مارچ کر رہے ہیں تو ہم بھی اس میں شریک ہونے کیلئے تیار ہیں ۔ قوم کو بتائیں وہ آزادی مارچ کس کیلئے کر رہے ہیں۔