قائد اعظم ٹرافی : آصف علی ‘محمد نواز نے ناردرن ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچا لیا
لاہور(نمائندہ سپورٹس)قائداعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ کا کھیل مکمل ہو گیا ہے۔ آصف علی اور محمد نواز نے ناردرن کرکٹ ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچالیا ہے۔فالو آن کا شکار ہونے والی ناردرن کرکٹ ٹیم آصف علی اور محمد نواز کی سنچریوں کی بدولت خیبرپختوانخوا کیخلاف میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ آصف علی نے 114 اور محمد نواز نے 100 رنز بنائے۔ عمر امین نے 80 اور روحیل نذیر نے 46 رنز بنائے۔ مجموعی طور پر میچ میں 5 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھانے والے ذوہیب خان نے دوسری اننگز میں 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیبرپختوانخوا نے 136.4 اوورز میں 9 وکٹوں پر 526 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ کپتان محمد رضوان 176 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ حیدر علی نے 99 رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ میچ کے اختتام تک سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میںایک وکٹ پر 107 رنز بنائے ۔ سمیع اسلم 50 اور عمر صدیق 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان شان مسعود 32 رنز بنا کر ظفر گوہر کا شکار بنے۔ سنٹرل پنجاب نے آخری روز 348 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا ۔ محمد سعد 70 اور فہیم اشرف 56 رنز بناکرجبکہ ٹیم 473 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سمیع اسلم کے 243 رنز کی بدولت سدرن پنجاب نے 467 رنز بنائے تھے۔ کراچی میں کھیلا گیا میچ بھی بے نیتجہ رہا۔ سندھ کے 473 رنز کے جواب میں بلوچستان ٹیم نے نو وکٹوں پر 355 رنز بنائے۔ امام الحق 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سندھ کے کاشف بھٹی اور اسد شفیق نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عابد علی کے ناقابل شکست 249 رنز کی بدولت سندھ نے 473 رنز بنائے تھے کہ کپتان سرفراز احمد نے اننگز ڈکلیئر کردی۔بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔