دورہ آسٹریلیا، سرفراز احمد کی ٹیسٹ سکواڈ سے چھٹی کا امکان
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا ،چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کوچز کیساتھ ابتدائی مشاورت کا عمل مکمل کر لیا۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے گزشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں مصباح الحق نے کوچز سے کھلاڑیوں کی فٹنس اور ڈسپلن کے حوالے سے رپورٹس پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے دورے کیلئے باولرز کا انتخاب ٹیم انتظامیہ کیلئے درد سر بن گی۔ چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ ٹیم کا اعلان کرنے سے قبل باولنگ کوچ سے دوبارہ مشاورت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مضبوط سکواڈ کی تیاری کیلئے باولنگ کوچ وقار یونس فاسٹ باولر محمد عرفان، ثمین گل، راحت علی، عمران خان سینئر،بلاول بھٹی کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔دوسری جانب سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز میں ناقص کارکردگی دکھانے والے قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کو ٹیسٹ سکواڈ سے ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور عدنان اکمل ،عثمان صلاح الدین، محمد سعد کے نام بھی ٹیسٹ سکواڈ کے لئے زیر غور ہیں جبکہ سلمان بٹ کی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی کا امکان معدوم ہوگیا۔ذرائع کے مطابق ٹیم میں سنیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا کمبی نیشن تیار کرنے کیلئے عابد علی ،امام الحق ،سمیع اسلم اور شان مسعود کے نام دورہ آسٹریلیا کے لئے زیر غور ہیں۔ دورہ آسٹریلیا کیلئے سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کیلئے اظہر علی اور شان مسعود مضبوط امیدوار ہیں۔ وکٹ کیپر محمدرضوان کو نائب کپتان کے طورپر گروم کرنے کی پلاننگ ہورہی ہے۔ مصباح الحق اظہر علی کوکپتانی کیلئے موزوں سمجھتے ہیں تاہم بورڈ کی ایک اعلی شخصیت کے نزدیک مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے شان مسعود کو قیادت سونپنا زیادہ فائدہ مندہوگا۔ تاہم شان مسعود کا مستقل طورپر ٹیسٹ ٹیم کا رکن نہ ہونا انتخاب میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔