آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر ویمنز ایشز سیریز ٹائٹل کا کامیاب دفاع کر لیا
سڈنی (اے پی پی) آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر ویمنز ایشز سیریز ٹائٹل کا کامیاب دفاع کر لیا، آسٹریلیا ویمن نے 133 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، بتھ مونی نے 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ جمعہ کو سڈنی میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ڈینلی وہاٹ 50 رنز بنا کر نمایاں رہیں، کپتان ہیتھر نائٹ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئیں، سیرا ٹیلر بھی 2 رنز بنا سکیں، سکیور 26 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں، میگن سکٹ نے 4 اور علیزے پیری نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں آسٹریلیا ویمن نے مطلوبہ ہدف 15.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، بتھ مونی نے ڈٹ کر انگلش بائولرز کا مقابلہ کیا اور 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، کپتان ہائنز 12 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں، برنٹ، ایکلسٹون، ہیزل اور ہارٹلی نے ایک، ایک وکٹ لی۔