سندھ ہائی کورٹ نےٹرانسپورٹ سے پھیلنے والی فضائی آلودگی کے خلاف درخواست پر انٹرسٹی بس ٹرمینل کی تعمیر سے متعلق رپورٹ تین ہفتوں میں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
کیس کی سماعت جسٹس مشیرعالم اور جسٹس ذاکر حسین پرمشتمل ڈویژن بینچ کررہا ہے ۔ سماعت کے دوران شہری حکومت کا کہنا تھا کہ انہیں انٹرسٹی بس ٹرمینل کی تعمیر سے متعلق رپورٹ فراہم کرنے کے لئے تین ماہ کی مہلت دی جائے تاہم عدالت نے اس پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہم مزید وقت نہیں دیں گے۔ آپ تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کریں اور سیکریڑی ٹرانسپورٹ بھی عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے یہ حکم بھی دیا کہ شہر میں پرانی پبلک ٹرانسپورٹ کو بتدریج ختم کیا جائے اور سی این جی بسیں چلائی جائیں. کراچی میں فضائی آلودگی کے خلاف درخواست قاضی علی اظہر ایڈووکیٹ نے دائر کررکھی ہے۔