صوبائی بجٹ میں کراچی کے لئے نکاسی آب کے فنڈز ناکافی ہیں‘ اخلاق ہاشمی
کراچی(سٹی نیوز) اربن سندھ ڈیمو کریٹک کانفرنس کی رہبر کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی ٹیکسوں کی 60 فیصد آمدنی وصول کردہ علاقوں پر مقامی حکومتوں کے ذریعے صرف کی جائے اس مقصد کے لئے صوبوں کے معدنی وسائل کے حق حصول کا اطلاق کیا جائے جس کے مطابق حاصل کردہ معدنی وسائل پر صوبوں کا پہلا حق ہوتا ہے جس کی بنا پر معدنی آمدنی کا خیر حصہ اس صوبہ کے لئے مخصوص ہوتا ہے۔ کانفرنس کی رہبر کمیٹی کا اجلاس اخلاق ہاشمی کی صدارت میں ہوا۔ دیگر رہنمائوں کے علاہ محفوظ النبی خان‘ محمد صدیق بلوچ ایڈووکیٹ‘ محمد حلیم خان غوری‘ قاری ادریس نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سندھ کی جانب سے پیش کئے ج انے والے بجٹ کو رسم دنیا قرار دیا اور کہا کہ کراچی میں نکاسئی آب کے لئے مختص کئے جانے والے فنڈز مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے افسوسناک حد تک ناکافی ہیں۔ شہر میں نکاسئی آب کا مسئلہ گھمبیر شکل اختیار کرگیا ہے جو اس امر کا متقاضی ہے مسئلے کے حل کیلئے بجٹ میں مناسب رقم مختص کی جائے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ سالہا سال کے تجربہ سے یہ امر پایہ ثبوت کو پہنچتا ہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت نے کبھی سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا اور شہری علاقوں اور بالخصوص کراچی سے حاصل کردہ مالی وسائل سے شہر قائد کو محروم رکھا گیا ہے اس لئے وفاقی بجٹ میں سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کے لئے علیحدہ علیحدہ فنڈز مختص کیا جائے۔