ملتان میں4دہشتگردگرفتار 5 دستی بم واسلحہ برآمد
ملتان‘ لاہور‘ کراچی (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ صباح نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ملتان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ دہشتگرد گرفتار کر لئے۔ ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں بارودی مواد‘ 5 دستی بم‘ شرانگیز لٹریچر اسلحہ و نقشے برآمد کر لئے اور تفتیش کے لئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں اہم سیاسی رہنماؤں کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بختاور امین ہسپتال کے نزدیک مذکورہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ دہشت گرد موجود ہیں جو الیکشن کمپین کے دوران اہم سیاستدانوں کو ٹارگٹ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے چھاپہ مار کر چاروں دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے بارودی مواد وغیرہ برآمد کر لیا۔ گرفتارہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت محمد لیاقت‘ عبدالسلام‘ محمد احمد‘ وجیہہ اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ تھانہ سی ٹی ڈی ملتان میں مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔ دریں اثناء ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے آئی ایس پی آر کے مطابق رینجرز اور پولیس نے پنجاب کے مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ سرچ آپریشن اٹک، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور فیصل آباد میں کئے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی سرچ آپریشن کئے۔ لاہور سے 24 مشتبہ افراد کو غیر قانونی اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ دریں اثناء کراچی سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ شاہ فیصل کالونی سے گرفتار ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت ابوبکر، محمد جواد، ابراہیم اور فہد سے ہوئی پولیس نے چاروں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان، لشکر جھنگوی اور انصار الشریعہ سے بتایا ہے ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور یہ جنوبی وزیرستان میں ایف سی کی متعدد چوکیوں پر حملوں میں بھی ملوث ہیں مبینہ دہشت گرد 16 ماہ سے شاہ فیصل کالونی میں واقع ایک مدرسے میں رہ ہے تھے انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے علاوہ تخریب کاری کی وارداتیں کرنا چاہتے تھے۔